بنگلورو27اپریل(ایس او نیوز) ریاست میں اقتدار پر قبضہ کرنے بی جے پی کی طرف سے انتخابی تشہیر کے مقصد سے تیار کئے گئے قابل اعتراض اشتہارات پر ریاستی محکمۂ اطلاعات نے روک لگادی ہے۔ وزیراعلیٰ سدرامیا اور ان کی حکومت پر بی جے پی کے انتخابی مواد میں ناکامی اور بے شرمی کے الزامات لگاتے ہوئے جس طرح کے اشتہارات الیکٹرانک میڈیا اور سوشیل میڈیا پر دکھائے جارہے تھے، اس پر سخت اعتراض کرتے ہوئے رکن کونسل وی ایس اگرپا اور دیگر کانگریس لیڈروں نے الیکشن کمیشن سے رجوع ہوکر شکایت کی تھی، فوری طور پر ان تمام اشتہارات پر روک لگانے کی مانگ کی تھی۔ کانگریس کی شکایت پر فوراً کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے محکمۂ اطلاعات کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ محکمۂ اطلاعات کے کمشنر پی ایس ہرشا نے اس سلسلے میں جاری حکمنامے میں کہا کہ الیکشن کمیشن حکام کی ہدایت پر انہوں نے تمام ٹیلی ویژن نیٹ ورکس ، ریڈیو ، سوشیل میڈیا اور دیگر تمام ڈجیٹل ذرائع ابلاغ پرتین اشتہارات جس میں سدرامیا حکومت کو عوام دشمن حکومت، ناکام حکومت، اور مورو بھاگیہ کے عنوان سے حکومت کے خلاف اشتہارات میں حملہ کیاگیا ہے۔ ان کے نشریے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔